واشنگٹن،15نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )یورپی یونین کی جانب سے شام میں نہتے شہریوں پر ظلم وبربریت کا مظاہرہ کرنے کے جرم میں 17 وزیروں اور شامی مرکزی بنک کے گورنر کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان پر اقتصادی پابندیاں عاید کردی ہیں۔کل سوموار کو برسلز میں ہونے والے 28یورپی ملکوں کے مشترکہ اجلاس کے دوران شامی حکومت میں شامل شخصیات کے خلاف پابندیوں کی ایک نئی فہرست کی منظوری دی گئی۔یورپی یونین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یونین نے شامی حکومت کے سترہ وزراء اور دیگر حکومتی عہدیداروں کے سفر پرپابندی عاید کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اثاثے منجمد کردیے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں بھی پوری یونین نے ایک اجلاس کے دوران 200شامی شخصیات کی فہرست میں مزید 10ناموں کا اضافہ کرتے ہوئے انہیں بلیک لسٹ کردیا تھا۔یورپی یونین کی جانب سے شام کی بلیک لسٹ کی گئی شخصیات کی تعداد 230تک جا پہنچی ہے۔ پابندیوں کے نتیجے میں اسد رجیم کے مقرب 69اداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پابندیوں کی فہرست میں شامل شخصیات اور اداروں کے ساتھ کسی قسم کے لین دین، اسلحہ، تیل کی خریدو فروخت اور سرمایہ کاری پر پابندیاں شامل ہیں۔